کراچی(سپورٹس رپورٹر) عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم کراچی میں جاری 65ویں ایئر مارشل ر نورخان ہاکی چیمپئن شپ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی نا اہلی اور ایونٹ انتظامیہ کی بد انتظامی کے باعث کھلاڑی رل گئے۔ پی ایچ ایف عہدیداران کانگریس میٹنگ میں شریک ممبران کی خاطر تواضح کرکے اپنے متنازعہ سیکرٹری کو کنفرم کرانے میں مصروف رہے۔اندرون ملک سے نیشنل چیمپئن شپ کیلئے آنیوالے کھلاڑی پوری رات بغیر لائٹ کے سڑکوں پر بستر لگا کر سونے پر مجبور ہوگئے جبکہ دن بھر کھلاڑی پانی کی تلاش میں واٹر کولر پکڑے خوار ہوتے رہے۔اس موقع پر موجود میڈیا کے سامنے کھلاڑی پھٹ پڑے۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر عبدالحنیف خان سٹیڈیم سے دوپہر تک غائب رہے.جبکہ فرسٹ ایڈ اور ایمبولینس بھی ایونٹ میچز کے دوران موجود نہیں تھی۔ کھلاڑیوں نے نام ظاہر نہ ہونے پر بتایا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہم سیلاب متاثرین ہیں ہمارا کوئی پرسان حال نہیں.ساری رات جنریٹر نہ ہونے باعث سڑکوں پر رات گزاری.ٹورنامنٹ اتظامیہ بھی اس موقع پر غائب رہی۔