لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ نے برطانیہ سے درآمد کی گئی گیندوں کے ناکام تجربے کے بعد نئے ڈومیسٹک سیزن میں ایک بار پھر آسٹریلوی گیندیں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی مشہور کوکوبرا کمپنی کی گیندیں فرسٹ کلاس، ون ڈے اور ٹی 20میچوں کے دوران استعمال کی جائیں گی۔ دو سال سے پی سی بی نے انگلینڈ کی ڈیوک گیندوں کا استعمال کیا تھا جبکہ ون ڈے اور ٹی 20میں کوکوبرا گیندیں استعمال ہوتی تھیں۔ لیکن اس سال پی سی بی نے ریڈ اور وائٹ بال کرکٹ میں بھی آسٹریلوی گیندیں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سال پی سی بی نے یہ فیصلہ اس لئے کیا ہے کیوں کہ انٹر نیشنل کرکٹ میں ہر جگہ کوکوبرا کی گیندیں استعمال ہوتی ہیںکہ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی میں لال رنگ والی کوکوبرا گیندیں استعمال ہوں گی۔ اسی طرح ون ڈے اور ٹی 20 ٹورنامنٹ میں سفید رنگ کی آسٹریلوی گیندیں استعمال ہوں گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کا نیا ڈھانچہ تیار کر لیا ہے جس پر عمل درآمد کے لئے تیاریاں مکمل ہیں۔