اسلام آباد ( محمد نواز رضا ‘) سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے منگل کی شب حکومتی سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ دیا ۔جس میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سینیٹر بیگم کلثوم پرویز اور آزاد سینیٹر دلاور خان نے شرکت کی ۔ بیگم کلثوم پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر منتخب ہو ئی تھیں جب کہ دلاور خان پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حمایت سے سینیٹر منتخب ہوئے یہ دونوں سینیٹر متحدہ اپوزیشن کے اجلاسوں میں شرکت کرتے رہے ہیں ۔بیگم کلثوم پرویز کی سیاسی وفاداریوں کے بارے میں شکو ک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے ذرائع کے مطابق دو ’’باغی‘‘ ارکان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ساتھ مزید ارکان ہیں جو چیئرمین سینیٹ کے حق میں ووٹ دیں گے ۔ ریکویذیشن پر طلب کردہ سینیٹ کے اجلاس کے غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کئے جانے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کو پہلا دھچکا ہے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے ان خدشات کا اظہار کیا جارہا تھا کہ ان کے ارکان کو توڑنے کی کوشش کی جائے گی اس سلسلے میں بعض اداروں کی طرف سے ’’دبائو‘‘ کا ذکر بھی کیا گیا ہے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے کہا جا رہا ہے ہفتہ کے دوران اپوزیشن کے مزید ارکان کو توڑنے کی کوشش کی جائے گی سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ محمد ظفر الحق نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے تمام سینیٹرز متحد ہیں انہیں کوئی طاقت ڈرا سکتی ہے اور نہ ہی خرید سکتی ہے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم ایک حقیقت ہے ہفتہ عشرہ بعد بھی ہونے والی ووٹنگ کے نتائج پر حکومت اثر انداز نہیں ہو سکتی ۔