پن بجلی کی پیداوار ملکی تاریخ کی بلندترین سطح پر پہنچ گئی

لاہور (نیوزرپورٹر) پن بجلی پیداوار تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔گزشتہ روز واپڈا کے پن بجلی گھروں نے نیشنل گرڈ کو پیک آورز کے دوران 7ہزار 591 میگاواٹ بجلی مہیا کی ، جو پاکستان میں پن بجلی کی ریکارڈ پیداوار ہے۔ پن بجلی کی یہ ریکارڈ پیداوار تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے اور نیلم جہلم سے بجلی کی بھرپور پیداوارکی بدولت ممکن ہوئی۔ قبل ازیں واپڈا پن بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کا ریکارڈ 7ہزار 585 میگاواٹ تھا جو گزشتہ سال 19ستمبر کو بنا تھا ۔ گزشتہ روزپیک آورز کے دوران پن بجلی کے پیداواری اعداد و شمار کے مطابق تربیلا پن بجلی گھر سے 2ہزار 907 میگاواٹ ، تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے سے ایک ہزار 372میگاواٹ ،غازی بروتھاپن بجلی گھر سے ایک ہزار 450 میگاواٹ، نیلم جہلم پن بجلی گھر سے 973 میگاواٹ،منگلا پن بجلی گھر سے 210 میگاواٹ، وارسک پن بجلی گھر سے 175میگاواٹ جبکہ واپڈا کے دیگر بجلی گھروں سے نیشنل گرڈ کو 504 میگاواٹ پن بجلی پیدا ہوئی۔ توقع ہے کہ اس سال دریائوں میں پانی کی زیادہ آمد، آبی ذخائر میں پانی کی بلند سطح اور ارسا کی جانب سے صوبوں کی ضروریات کے مطابق آبی ذخائر سے پانی کے اخراج کی بدولت رواں سال پن بجلی کی پیداوار میں مزید اضافہ ہوگا اور یہ 8 ہزار میگاواٹ سے بھی بڑھ سکتی ہے ۔

ای پیپر دی نیشن