راولپنڈی، مری کا دورہ، منفی سیاست کرنیوالوں کو عوامی خدمت سے جواب دینگے: عثمان بزدار

Jul 24, 2020

لاہور( نیوز رپورٹر) وزیر اعلی عثمان بزدار سے کمشنر آفس راولپنڈی میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں و عہدیداران نے ملاقاتیں کیں اور کمشنر آفس میں متعدد اجلاسوں کی صدارت کی۔ سیف اللہ نیازی کی قیادت میںوفد کی ملاقات میں سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ عمران خا ن کی قیادت میں عوامی خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ پراپیگنڈا کرنے والے عناصر پہلے کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے۔ منفی سیاست کا جواب عوامی خدمت سے دیں گے۔ پنجاب حکومت کی کارکردگی کو موثر انداز میں عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کریں گے۔ کرونا وائرس کی وباء کے دوران ہیلتھ پروفیشنلز نے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ ڈاکٹروں کی خدمات کا ہر سطح پر اعتراف کرتے ہیں۔ حکومت ڈاکٹروں کی خدمات کی قدر کرتی ہے اور کرتی رہے گی۔ ہیلتھ کے بجٹ میں پچھلے سالوں کی نسبت کئی گنا اضافہ کیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے والے مسیحاؤں کی فلاح و بہبود ہماری ذمہ داری ہے جو پوری کریں گے۔ پولیس ایپ کے ذریعے شہری پولیس کی آن لائن خدمات حاصل کر سکیں گے۔ راولپنڈی میں ٹریفک کی صورتحال کی آگاہی بھی حاصل کی جا سکے گی۔ بعد ازاں وزیر اعلی عثمان بزدار مری پہنچے اور اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس میںمری میں نیا تھانہ اور نئی سب ڈویژن قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس فیصلہ کی منظوری دی۔ مری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ایس پی تعینات ہوں گے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ مری میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے 22 کروڑ روپے کی لاگت سے نئی واٹر سکیم بنائی جائے گی ’’ گزارا فاریسٹ‘‘ کے تحت ساڑھے تین لاکھ فروٹ ٹری لگائے جائیں گے۔ مری میں جلد کوہسار یونیورسٹی بنائیں گے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے فاریسٹ ہاؤس مری میں پودا لگا کر مون سون شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ عثمان بزدار نے روالپنڈی میں نالہ لئی کا دورہ کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے نالہ لئی کی صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا اور صفائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے نالہ لئی پر روڈ وے کی تعمیر کے لئے مجوزہ اراضی کا بھی جائزہ لیا۔ ریالٹو پارک پہنچنے پر وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے وزیر اعلی عثمان بزدار کا خیر مقدم کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ نالہ لئی کی تعمیر نو سے سیلاب کے دوران ہونے والی تباہ کاریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی-عثمان بزدار نے کہا ہے کہ دی پنجاب تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ2020 ہماری حکومت کا تاریخ ساز اقدام ہے۔تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ سے بین المذاہب ہم آہنگی بڑھے گی اور متنازعہ مواد کی روک تھام ممکن ہو گی- پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے اس حوالے سے قانون سازی کی ہے اور میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی اور پنجاب اسمبلی کے ارکان کو مبارک باد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ دی پنجاب تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ کے نفاذ سے مختلف کتب میں مذاہب (خصوصاًاسلام) کے بارے میں نفرت انگیز مواد کی اشاعت کی روک تھام ہو گی۔

مزیدخبریں