پنجانب اسمبلی میں ’’تحفظ بنیاد اسلام ‘‘ بل منظور ہونے پر اظہارتشکر

Jul 24, 2020

کراچی(نیوزرپورٹر) مجلس احرار اسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت نے پنجاب اسمبلی میں اللہ رب العزت ،جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم، انبیاء کرام علیہم السلام اور اسلام کی مقدس ہستیوں کی توہین کے خلاف ’’تحفظ بنیاد اسلام ‘‘ بل منظور ہونے پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ،سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی ، قرار داد کے محرک حافظ عمار یاسر اور پورے ایوان کو مبارک باد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ یہ بل پاس ہونا نظریۂ اسلام اور نظریۂ پاکستان کی طرف ایک قدم ہے ۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری ،نائب امیر پروفیسر خالد شبیر احمد ،سید محمد کفیل بخاری ، سیکر ٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ ،میاں محمد اویس، مولانا محمد مغیرہ ، سید عطاء اللہ شاہ بخاری ثالث ، ڈاکٹر محمد عمر فاروق احرار ، مولانا تنویر الحسن احر ار اور دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ تحفظ بنیاد اسلام بل کے ذریعے ذات باری تعالیٰ ، حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ،تمام انبیاء کرام علیہم السلام، آسمانی کتابوں ،فرشتوں ،خلفاء راشدین ،امہات المؤمنین ،تمام اہل بیت اطہاراور تمام اصحاب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (رضی اللہ عنہم اجمعین) کو جو احترام فراہم کیا گیا ہے اسکی مثال قیام ملک سے لے کر آج تک نہیں ملتی قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبوں کو پنجاب اسمبلی کی اس قرار داد کی تقلید بھی کرنی چاہیے اور تائید بھی کرنی چاہیے ۔

مزیدخبریں