کراچی (اسپورٹس رپورٹر) انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 24 سے 28 جولائی تک اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے سائوتھمپٹن میں کھیلے گئے پہلے میچ میں انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی جس کا حساب انگلینڈ نے مانچسٹر میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں 113 رنز کی فتح سے چکتا کر دیا۔ اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ کی ٹیم کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ایک درجہ ترقی ہوئی ہے اور انگلینڈ کی ٹیم اب 186 پوائنٹس کے سے ٹیبل چوتھے سے تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے ۔ انگلینڈ ٹیم کے کپتان جو روٹ کا کہنا ہے کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہے اور مہمان ٹیم کو تیسرے میچ میں بھی شکست دیکر سیریز میں 2-1 کی فتح حاصل کریگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کالی آندھی کے خلاف کامیابی پر بہت خوش ہیں جبکہ ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے، انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم انگلینڈ ٹیم کو تیسرے ٹیسٹ میں شکست دینے کے لئے پر عزم ہے ۔ اس اعتبار سے توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ انتہائی سخت اور کانٹے دار ہوگا۔ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ واضح رہے کہ تین میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 24 سے 28 جولائی تک اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں ہی شیڈول ہے۔
انگلینڈ اور ویسٹ انڈیزکے درمیان آخری ٹیسٹ آج سے شروع
Jul 24, 2020