وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بلاول زرداری کے قومی اسمبلی میں تقریر کے بعد کورم کی نشاندھی کر کے بھاگ جانے کو انتہائی شرمناک حرکت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول نے اسمبلی میں محلے کے اس کج رو بچے جیسی حرکت کی جو لوگوں کے گھروں کی گھنٹیاں بجا کر بھاگ جائے۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مراد سعید بلاول زرداری کی چھیڑ بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول اپنی رٹی رٹائی اور لکھی لکھائی تقریر کے جواب میں مراد سعید کی فی البدیہہ تقریر برداشت نہیں کر سکتے۔ مراد سعید کے کھڑے ہوتے ہی بلاول اپنے ہوش و حواس کھو کر اسمبلی فلور سے غائب ہو جاتے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ تمام پارلیمانی جمہوریتوں میں اپوزیشن اپنے تنقید کے حق کو استعمال کرنے کے ساتھ حکومتی بنچوں کی بات بھی سنتی ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ این ٹی آئی انڈیکس کی جانب سے نئے حکومتی ریگولیشنز اور قوانین کے اجراء کے بعد پاکستانی ایٹمی پروگرام کو محفوظ ترین قرار دیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی ایٹمی پروگرام کی سکیورٹی میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔ ملک میں ہائیڈل پاور پلانٹس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم، آزاد پتن ڈیم، داسو ہائیڈل پاور پلانٹ فیز ون، اور تربیلا ڈیم کے ذریعے 10670 میگا واٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کرنے جا رہی ہے۔