وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے تنازعہ کشمیر کو تمام بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔جمعہ کے روز اسلام آباد میں وزارت اطلاعات و نشریات کے زیراہتمام ''کشمیر محاصرے میں '' کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان ان کی اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیری مسلمان کئی دہائیوں سے محکوم ہیں تاہم موجودہ بھارتی حکومت نے متنازعہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کر کے انسانی وقار اور مظالم کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔شبلی فراز نے کہا کہ مودی حکومت کی جانب سے آئین کی شقوں 370 اور 35-A کے خاتمے کو ایک سال ہو گیا ہے اور کشمیری مسلمانوں کو بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں شدید مصائب و مشکلات کا مسلسل سامنا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت نے آزادی کی جدوجہد کرنے والے نہتے کشمیریوں کو شہید کرنے اور محاصرے، لاک ڈاؤن اور مکمل مواصلاتی بندش کی شکل میں مقبوضہ کشمیر میں خوف و ہراس پھیلا رکھا ہے اور غنڈہ گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں اور بچوں کو پیلٹ گنز کے استعمال کے ذریعے بینائی سے محروم کیاجا رہا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ لوگوں کو لاپتہ کرنے کے گھناؤنے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے اور مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں غیرکشمیریوں کی آبادکاری میں سہولت فراہم کر کے علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی سازشیں بھی تیز کر دی ہیں۔
قومی سلامتی ڈویژن کے معاون خصوصی معید یوسف نے اس موقع پر کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ عالمی قوانین کی خلاف ورزی بھی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنی موثر سفارتکاری اور حکمت عملی کی مدد سے مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے منصفانہ حق خودارادیت کے حصول میں کامیاب ہونگے۔
معید یوسف نے کہا کہ بھارت اپنے جھوٹے بیانیے سے اپنے ہی لوگوں کو گمراہ کر رہا ہے۔اس موقع پر قومی تحفظ خوراک کے وزیر فخر امام نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مقدمہ دلیری سے پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ تمام عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر اًجاگر کرنے کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نازی ازم کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو علاقائی امن کے لئے خطرہ ہے۔سردار مسعود نے کہا کہ فسطائی بھارتی حکومت کے تحت کشمیری اور پورے بھارت کے مسلمان زیرعتاب ہیں۔
مسئلہ کشمیرکوبین الاقوامی فورمز پراجاگرکرنےکیلئےبھرپوراقدامات کیےہیں: شبلی فراز
Jul 24, 2020 | 22:05