اسلام آباد+باغ ( نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے باغ میں جلسہ عام سے خطاب میں کہا ہے کہ آپ نے ساتھ دیا تو باغ کی قسمت بدل دیں گے۔ پیپلز پارٹی کا آپ سے تین نسلوں کا رشتہ ہے۔ باغ کے جیالوں نے کارساز میں بی بی کا استقبال کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ کوئی کٹھ پتلی جماعت آپ سے ہمارا تعلق نہیں توڑ سکتی۔ یہ کٹھ پتلی کشمیر کا ذکر کرتا ہے تو غلطی کرتا ہے۔ عمران خان کشمیر کا سودا کر چکا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے۔ جب کٹھ پتلی بات کرتا ہے تو لوگ مذاق اڑاتے ہیں۔ ہمارا وزیراعظم سلیکٹڈ‘ کٹھ پتلی‘ نالائق اور نااہل ہے۔ بے نظیر جب وزیراعظم تھیں تو پوری دنیا پاکستان کی بات سنتی تھی۔ عمران خان نے الیکشن میں مودی کو جیت کی دعائیں دیں۔ آزاد کشمیر میں آج تک (ن) لیگ کی حکومت ہے انہوں نے آپ کیلئے کیا کیا؟۔ ہم کسی کی ڈکٹیشن کو نہیں مانتے۔ ہم عوام کے حکم کو مانتے ہیں۔ آپ حکم کریں امن کرنا ہے تو امن کریں گے۔ آپ حکم کریں جنگ کرنی ہے تو ہم ساتھ ہوں گے۔ آپ کو عوامی وزیراعظم چاہئے یا کٹھ پتھلی۔ یہاں کی حکومت نے آپ کو لاوارث چھوڑا، ہم نہیں چھوڑیں گے۔ ذوالفقار علی بھٹو کے بارے میں بات کرنے والے ذرا آئینہ دیکھیں۔ کلبھوشن کو این آر او دینے والے بھٹو کو غدار کہہ رہے ہیں۔ 25 جولائی آزاد کشمیر کے لئے امتحان ہے۔ الیکشن شفاف ہوئے تو یہ نشستیں پیپلز پارٹی کی ہوں گی۔ ایک گندا وزیر کشمیر میں لانچ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم حکومت بنائیں گے تو پہلے دن ہم تنخواہ اور پنشن میں اضافہ کریں گے۔ پاکستان میں جمہوریت ہے تو بھٹو کی وجہ سے ہے۔ ہمارا وزیراعظم سیاست، عوام اور کشمیر پر سودا کرتا ہے۔
عمران کشمیر کا سودا کر چکے، وزیر اعظم نا اہل، مودی کیلئے دعا کرتے رہے: بلاول
Jul 24, 2021