لاہور(سپورٹس رپورٹر)دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے بارباڈوس میں موجود قومی کرکٹ سکواڈ کی کرونا ٹیسٹنگ کے نتائج منفی آگئے ہیں ۔ سکواڈ میں شامل تمام ارکان کو گزشتہ روز سے ٹریننگ کی اجازت مل گئی۔کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد تمام ارکان کی روم آئسولیشن ختم ہو گئی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز ویسٹ انڈیز پہنچنے پر قومی کرکٹ سکواڈ کی کرونا ٹیسٹنگ کی گئی تھی۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین پانچ ٹی ٹونٹی اور دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 27 جولائی سے ہوگا۔قومی کرکٹ ٹیم سیریز کے ابتدائی دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز27 اور 28 جولائی کو کینسنگٹن اوول، برج ٹاؤن میں کھیلے گی۔سیریز کے تیسرے، چوتھے اور پانچویں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز بالترتیب 31 جولائی، یکم اور تین اگست کو گیانا میں کھیلے جائیں گے۔اس دوران قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کھلاڑی 26 جولائی کو بارباڈوس پہنچیں گے جہاں وہ قومی سکواڈ کو جوائن کرینگے۔ وہ میزبان ٹیم کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 اگست جبکہ دوسرا 20 سے 24 اگست تک کھیلیں گے۔یاد رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین دونوں ٹیسٹ میچز جمیکا میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ قومی ٹیم مجموعی طور پر بہتر ہے، ہم ورلڈکپ کی تیاری کر رہے ہیں۔ آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق نے انگلینڈ کے ہاتھوں پہلے ون ڈے اور پھر ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست کے بعد قومی ٹیم کا دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ورلڈکپ کیلئے فائنل کمبی نیشن کی جانب بڑھ رہے ہیں، تاہم مڈل آرڈر کا مسئلہ موجود ہے۔مصباح الحق نے موجودہ صورتحال میں کھیلوں کی سرگرمیوں سے متعلق کہا کہ دنیا میں ہرجگہ ہر سپورٹس میں کروناکے مسائل ہیں، کرونامیں کھیلنا ایک چیلنج ہے۔ورلڈکپ کی تیاری کر رہے ہیں، ویسٹ انڈیز میں ہر گیم اہم ہے، ہوم ٹیم کیخلاف اچھا پرفارم کرکے اعتماد بحال کریں گے۔ حفیظ اس طرح رنز نہیں کر پا رہے جیسا کہ ماضی میں کیے ہیں۔ مجموعی طور پر ٹیم بہتر ہے، کمزوریوں پر قابو پالیں تو اچھے نتائج دیں گے۔ اعظم خان کا دفاع کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اعظم خان کو ایک اننگز کی بنیاد پر جج نہیں کرسکتے۔انھوں نے انگلینڈ کیخلاف شکست پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انگلش سرزمین پر ہمیں کنڈیشنز بہت زیادہ مختلف نہیں ملی تھیں۔