لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علمائے پاکستان (سواد اعظم) کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے جامعہ محمدیہ نوریہ رضویہ میں نماز عیدالاضحی کی امامت کروائی۔ خطبہ عید میں پیرمحفوظ مشہدی نے کہا کہ قربانی حضرت اسماعیل ؑکی قربانی کی یاد میں دی جاتی ہے۔انہوں نے زوردیا کہ غریبوں تک گوشت پہنچائیں۔ریاکاری اوردکھاوے کی قربانی کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ تمہارے ذبح کئے گئے جانور کا گوشت اور خون اس تک نہیں پہنچتا بلکہ صرف تقویٰ پہنچتا ہے۔ یعنی جس نیت سے قربانی کی گئی ہو۔ وہی اللہ تعالیٰ قبول فرماتا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ گوشت کو فریجوں میں فریز کرلینا افسوسناک معاشرتی رویہ ہے۔ پیر محفوظ مشہدی نے زوردیا کہ گوشت مستحقین تک پہنچائیں تاکہ وہ بھی قربانی سے مستفید ہو سکیں۔