لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ پاکستان آنے والے غیر ملکی شہریوں بالخصوص چینی ماہرین، سرمایہ کاروں اور عام شہریوں کے سکیورٹی انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانا پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ لہذا اس حوالے سے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کارلانے کیساتھ ساتھ سکیورٹی انتظامات کی موثر مانیٹرنگ کیلئے نیا سافٹ وئیر بھی تیار کیا جائے جس میں پاکستان آنے اور باہر جانے والے تمام غیر ملکی شہریوں بالخصوص سی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی ماہرین کا ریکارڈ موجود ہونا چاہئے اور ساتھ ہی ساتھ انکی سکیورٹی کیلئے تعینات سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں اور دیگر پولیس فورس کی مکمل تفصیلات بھی شامل ہونی چاہئے۔ مذکورہ بالا سافٹ وئیر میں غیر ملکی شہریوں کے نام، فون نمبرز، پاسپورٹ نمبرز، رہائشی پتہ سمیت دیگر تفصیلات موجود ہونی چاہئیں۔ سافٹ وئیر کی تیاری میں ائیرپورٹس پر موجود سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے چائینیز ڈیسکوں اور محکمہ ایف آئی اے سے درکار ہر ممکن معاونت بھی حاصل کی جائے۔ پولیس دفاتر میں پیپر لیس ورکنگ کا آغاز فائل ورک کے خاتمے اور جدید پولیسنگ کے نظرئیے کو مزید مضبوط بنائیگا لہذا پیپر لیس ورکنگ کے ’’پولیس آفس مینجمنٹ سسٹم‘‘ کو تیار کرکے آئندہ دس روز میں لانچ کردیا جائے۔ گمشدہ بچوں اور ان کوپیش آنے والے جرائم کی روک تھام کے حوالے سے تیار کی جانے والی ایپ کو دو ہفتوں کے اندر تیار کرکے فیلڈ فارمیشنز کو مہیا کردیا جائے تاکہ بچوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کو مزید بہتر سے بہتر بنایا جاسکے۔ یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میںاجلاس کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے جاری کیں۔ دوران اجلاس پنجاب پولیس کے آئی ٹی پراجیکٹس او ر ان کی اپ گریڈیشن بارے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیاکہ پولیس دفاتر میں پیپر لیس ورکنگ کے حوالے سے ’’پولیس آفس مینجمنٹ سسٹم‘‘ کا ٹیسٹ رن آئندہ ہفتے میں شروع ہوجائیگا جبکہ آئندہ ہفتے میں سٹاف کی ٹریننگ بھی کروائی جائیں گی۔ گمشدہ بچوں کے حوالے سے ڈیزائن کردہ ایپ کی تیاری کا کام آخر ی مراحل ہے جسے ٹائم لائن میں مکمل کرکے لانچ کردیا جائیگا۔ پولیس آفس مینجمنٹ سسٹم‘‘ای ورکنگ کا نیا جدید سسٹم ہے جس سے دفتری امور کی انجام دہی میں وسائل کے ساتھ ساتھ قیمتی وقت کی بچت بھی ہوگی۔
چینی ماہرین کی سکیورٹی کیلئے نیا سافٹ ویئر تیار کرنے کا حکم
Jul 24, 2021