لاہور(کامر س رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے مشیر تجارت عبد الرزاق دائود کی جانب سے فیڈرل بورڈ آف ریو نیو سے گرفتاری کا اختیار واپس لینے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ادارے کو لامحدود اختیارات دینے سے بگاڑ پیدا ہوتا ہے ،ایف بی آر کی سخت مانیٹرنگ نا گزیر ہے اور اسے پابند کیا جائے۔ کہ پہلے سے ٹیکس نیٹ میں شامل افراد کے گرد شکنجہ کسنے کی بجائے نئے ٹیکس گزاروں کو تلاش کرے،پاکستان کو مینو فیکچرننگ حب بنانے کے لئے جامع اور موثر پالیسی مرتب کی جائے۔ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وسط ایشیائی ریاستوں سے تجارت بہت کم ہے، برآمدات کو فروغ دینے کیلئے چند روایتی مارکیٹوں کی بجائے دنیا کے تمام ممالک کی مارکیٹوں تک رسائی حاصل کرنا ہو گی جس کیلئے برآمدکنندگان اور مینو فیکچررز کے وفود روانہ کئے جانے چاہئیں جو ان ممالک کے حالات کا بغور جائزہ لے کر مستقبل کی منصوبہ بندی کریں۔ ریاض احمد نے کہا کہ برآمدات میں استحکام لانے کے لئے حکومت کی بھرپور سرپرستی میں طویل المدت پالیسی نا گزیرہے ۔