لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر، سیاسی انتخابی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے گلبرگ جامع مسجد میں خطبہ عید، جامع مسجد الفتح میں نماز جمعہ میں خطاب اور عید قرباں پر اجتماعی قربانی مراکز کے وزٹ کے موقع پر کارکنان اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں معاشی بحران، سیاسی انتشار، اخلاقی انحطاط مسلسل بڑھتا جارہا ہے۔ بحرانوں کے خاتمہ کے لیے حکومت، قومی قیادت، انتظامی افسر اور ذرائع ابلاغ کو پوری ذمہ داری سے رہنمائی اور قومی فریضہ ادا کرنا ہوگا۔ قربانی اہل ایمان کو اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے نفاذ کا سبق دیتی ہے۔ اللہ کی پکار پر لبیک اور اللہ کے حکم پر اللہ اکبر کہہ کر جانور ذبح کرنے والے زندگی کے ہر شعبہ میں اللہ کے نظام کونافذ کردیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ کعبۃ اللہ کا طواف پوری امت کو ایک مرکز پر جمع کردیتا ہے۔ عالم اسلام کا اتحاد ہی مسلمانوں کے بحرانوںو مسائل کا حل ہے۔ کشمیر، فلسطین اور افغانستان کے بحرانوں کے علاج اور استحکام سے مسلمانوں کے دکھ درد ختم ہوسکتے ہیں۔ عالمی استعماری سازشوں کے مقابلہ کے لیے وحدت امت ضروری امر ہے۔ انتشار، فرقہ پرستی، تعصبات اور ایک دوسرے سے دشمنی سراسر تباہی ہے۔ پوری دنیا میں عید قربان کے موقع پر اہل ایمان نے سنت ابراہیمی پر عمل کرکے اسلام، رسول اللہ ؐاور قرآن کریم کے ساتھ اپنے غیرمتزلزل تعلق کا مظاہرہ کیا ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی آزاد کشمیر انتخابات میں کامل یکسوئی اور پوری جدوجہد کے ساتھ انتخابی نشان’’ ترازو‘‘ پر حصہ لے رہی ہے۔ کارکنان ہر حلقہ انتخاب میں جانفشانی سے کام کررہے ہیں۔
معاشی بحران، سیاسی انتشار، اخلاقی انحطاط بڑھتا جارہا ہے:لیاقت بلوچ
Jul 24, 2021