کراچی(آئی این پی)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی تعیناتی حکومت سندھ کا اختیار ہے،عید کے پہلے روز سیہون میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ عید کے بعد وزیر اعظم سندھ آئیں، وزیر اعظم بننے کے بعد وہ سندھ میں آج تک ایک رات بھی نہیں رکے، سندھ کے لوگوں کو اپنا فیصلہ کرنے کا حق ہے، مجھے نہیں معلوم کہ عمران خان سندھ میں کس کے ساتھ اتحاد کرتے ہیں، سندھ میں پیپلز پارٹی کی مخالفت میں کئی اتحاد آئے اور کئی گئے لیکن سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالی کا فیصلہ ہمیشہ پیپلز پارٹی کے حق میں ہوتا ہے،مراد علی شاہ نے کہا کہ مرتضی وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی تعیناتی حکومت سندھ کا اختیار ہے، گورنر سندھ سمیت پی ٹی آئی کو ایڈمنسٹریٹر کی تقرری پر اعتراض کا حق نہیں۔ یہ میرا حق نہیں کہ اعتراض کروں خیبر پی کے میں فلاں شخص وزیر کیوں ہے، پیپلز پارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ جس کا جو اختیار ہے وہ استعمال کرے۔ دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی سمجھ آئے گی کہ وہ اپنا آئینی اور قانونی حق سمجھتے ہوئے اپنا اعتراض کریں۔