پوراشہر غلاظت کا ڈھیر بن گیا، حکومتی ادارے غائب، اسلم آرائیں

کراچی (                  نیوز رپورٹر) معروف تاجر رہنمامحمداسلم آرائیں نے پوری قوم کو عیدالاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ قربانی کاجذبہ ہی اسلام کی اصل روح ہے، عیدالاضحی پرسنت ابراہیمی اداکرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کرکے امت مسلمہ کا جذبہء ایثارواخوت عروج پر رہا،مسلمانوں نے اپنے جانوروں کواللہ کی راہ میں قربان کرکے ان کا گوشت مستحقین اور عزیزواقارب میں تقسیم کرکے اللہ کی رضاوخوشنودی حاصل کرنے کا سامان کیا۔محمداسلم آرائیں نے عید الاضحی پر صفائی ستھرائی کے حوالے سے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ عین عید کے دن پوراشہر غلاظت کا ڈھیر بن گیا،ہر طرف قربانی کے جانوروں کی آلائشیںحکومتی اداروں کے دعووں کی نفی کرتی رہیں،حیرت کی بات ہے کہ بڑے بڑے دعوے کرنے والے بروقت آلائشیں تک نہ اٹھاسکے پورے شہر کو کیسے سنبھالیں گے۔انہوں نے کہاکہ منگل کو بوہری برادری کی عید سے لے کر تباسی تک قربانی کے جانوروں کی آلائشیں سڑکوں، گلیوں اور محلوں میں سڑتی رہیں بلکہ بعض مقامات پر تاحال آلائشیں پڑی ہوئی حکومتی دعووں کا منہ چڑارہی ہیں۔افسوس شہری عید الاضحی کے موقع پر بروقت صفائی نہ ہونے کی وجہ سے تکلیف میں مبتلارہے اور حکومتی اداروں کو ڈھونڈتے رہے لیکن اداروں کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے انٹرنیشنل ،میگا سٹی اور میٹروپولیٹن شہر جنگل سے بھی بدتر منظرپیش کررہاتھا۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ سندھ حکومت اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے اور میونسپل کارپوریشن کے افسران وعملے کا قبلہ درست کرے۔

ای پیپر دی نیشن