آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے لئے پولنگ کل ( اتوار کو) ہوگی، قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں کیلئے 32 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، تحریک انصاف، نون لیگ اور پیپلزپارٹی میں تگڑا مقابلہ متوقع ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے آزاد کشمیر کے 33 اور مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 انتخابی حلقوں میں امیدواروں نے ووٹرز کو منانے کے لئے خوب انتخابی مہم چلائی۔ 24 جولائی کو ووٹرز اور امیدواران ایک دن کا آرام کرینگے جبکہ الیکشن کمیشن کے عملہ نے 25 جولائی کے لئے پولنگ کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی،اتوار کے روز 32 لاکھ 20 ہزار 546 ووٹرز 742 امیدواران میں سے خفیہ رائے دہی سے اپنے نمائندگان کا انتخاب کریں گے۔ جبکہ پاکستان میں بسنے والے 4 لاکھ 5 ہزار 253 کشمیری بھی ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے،الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل کے لئے 45 حلقوں میں مردوں کے 1398 خواتین کے 1353 اور مشترک1992 سمیت کل 6139 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔مجموعی طور پر 32 سیاسی جماعتیں اور سینکڑوں آزاد امیدوار قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں کیلئے ہونے والے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں،پولنگ کے لیے چالیس ہزار پولیس اہلکار الیکشن ڈیوٹی انجام دینگے۔ اس کے علاوہ چھ سے سات ہزار پاک فوج کے جوان بھی امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے تعینات کئے گئے ہیں۔آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے پریزائڈنگ آفیسرز سمیت 250 افسران کو میجسٹریٹ کے برابر اختیارات د ئیے گئے ہیں،تینتیس حلقوں میں بارہ بڑے مقابلے متوقع ہیں۔ سابق وزرائے اعظم، سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور وزارت عظمی کی دوڑ میں شامل امیدواروں کے درمیان تگڑے مقابلوں کا امکان ہے۔عام انتخابات میں 826 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 1209 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے ۔چیف سیکرٹری آزاد کشمیر شکیل قادر خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ عام انتخابات پر 2 ارب روپے کے قریب اخراجات آئیں گے۔تمام وسائل متعلقہ اداروں کو مہیا کردیئے ہیں۔انتخابی عمل کے دوران 5 ہزار 300 اہلکار تعینات ہوں گے ۔پنجاب،خیبر پختونخوا،اسلام آباد پولیس،ایف سی اہلکار اور رینجرز کے 32 ہزار 200 جوان بھی سیکیورٹی پر تعینات ہوں گے۔تمام سیکیورٹی اہلکار پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعینات کیے گئے ہیں ۔چیف سیکرٹری آزاد کشمیر شکیل قادر خان کا کہنا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل ہو رہا ہے۔
آزاد کشمیر انتخابات: ووٹنگ کل (اتوارکو) ہوگی، 45نشستوں کیلئے 32 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے
Jul 24, 2021 | 11:13