اسلام آباد۔نور مقدم قتل کیس: ملزم ظاہر جعفر کے جسمانی ریمانڈ میں 2روزکی توسیع

Jul 24, 2021 | 22:29

ویب ڈیسک

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے نور مقدم قتل کیس میں گرفتار سفاک ملزم ظاہر جعفر کا مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پیر کے روز ملزم کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھا کی عدالت نے تھانہ کوہسار میں درج سابق پاکستانی سفیر کی بیٹی نور مقدم قتل کیس میں گرفتار ملزم ظاہر جعفر کے جسمانی ریمانڈ میں 2روزہ توسیع کر دی۔سماعت کے دوران پولیس نے ملزم کو عدالت پیش کیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر کون ہے ؟ جس پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو گرفتار کر کے تین دن میں اس سے آلہ قتل چاقو برآمد کرلیا جبکہ اس سے پستول بھی قبضہ میں لیا گیا اور خون کے نمونہ جات لیے ہیں، ملزم کا موبائل برآمد کرنا ہے، استدعا ہے کہ جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔اس موقع پر مدعی مقدمہ کی طرف سے شاہ خاور ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے اور کہا کہ موبائل برآمدگی بہت ضروری ہے۔ عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا اور بعدازاں ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں دو روزہ توسیع کرتے ہوئے پیر کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

مزیدخبریں