اسلام آباد (خبر نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ انسانوں کی خریدوفروخت کرنے والے قوم کی قیادت کے اہل نہیں۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے ملک کو بند گلی میں دھکیلا، قوم سے معافی مانگیں۔ اسٹیبلشمنٹ نے بھی بار بار انہی جماعتوں کو ملک پر مسلط کیا جن کے پاس ترقی و اصلاحات کے لیے کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔نجات کا واحد راستہ اسلامی نظام ہے، اس کے بغیر فوجی آمروں کے تجربات بھی ناکام ہوئے اور اسٹیبلشمنٹ کی آشیرباد سے اقتدار میں آنے والی سیاسی جماعتیں بھی فیل ہو گئیں۔ حکمرانوں کی اخلاقی ساکھ ختم، جھوٹ پر مبنی سیاست بری طرح ایکسپوز ہو چکی ہے۔ خرابیوں اور بربادیوں کے ذمہ دار جاگیردار، وڈیرے اور کرپٹ سرمایہ دار ہیں جو پارٹیاں بدل بدل کر دولت کے بل بوتے پر ایوانوں میں آتے ہیں۔ طاقتور افراد کو کرپشن پر کوئی پوچھنے والا نہیں، افسوس کہ عدالتوں نے بھی لوٹ مار پر آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔ پاناما لیکس اور پنڈوراپیپرز میں ملوث افراد کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
سراج الحق