راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے) پاکستان تحریک انصاف راولپنڈی میٹروپولیٹن کے صدر و سابق صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ پنجاب میں جمہور کے مینڈیٹ کے ساتھ جو آمرانہ و ظالمانہ سلوک کیا گیا ہے اس کی مثال دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی ۔ امپورٹیڈ حکومت اور اس کے اتحادیوں نے نہ صرف عوام کے مینڈیٹ کو ماننے سے انکار کیا بلکہ جمہوریت کی روح کو بری طرح پامال کرکے ثابت کر دیا کہ وہ صحیح معنوں میں بد دیانت ، کرپٹ اور ڈاکو ہیں ۔ انہوں نے اسی بے دردی کے ساتھ ملک کے وسائل کو لوٹا اور اب بھی اپنے ذاتی سیاسی و مالی مفادات کیلئے ملک کی سلامتی اور عزت و وقار کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ملکی وسائل کو بے دردی کے ساتھ لوٹنے والوں نے اربوں کھربوں روپے دے کر اور بند کمروں میں سازشیں کرکے جمہور کے فیصلے کا مذاق اڑایا ہے جسے عوام کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔