اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تعاون سے ایمیزون پلیٹ فارم کے ذریعے کاروبار کو فروغ دینے کے بارے میں ایک ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا جس میں تاجر برادری کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عادل مختارنے تاجروں کو ایمیزون سیلر رجسٹریشن کے طریقہ کار، پروڈکٹ پروجیکشن اور اکاؤنٹ مینجمنٹ کے بارے میں تفصیلی پریزینٹیشن دی۔ محترمہ عروہ حسن نے تاجر برادری کو ایمیزون کے ذریعے کاروبار کرنے کیلئے ادائیگیوں کے طریقہ کار کے بارے میں پریزینٹیشن دی۔ عامر خان نے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے بارے میں شرکاء کو تفصیل سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر اسلام آباد چیمبر کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ ایمیزون بزنس کمیونٹی کو دنیا کی کئی مارکیٹوں تک رسائی فراہم کرتا ہے لہذا وہ اپنے کاروبار کو بہتر فروغ دینے کیلئے اس پلیٹ فارم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔