لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی معاشی تباہی کے ذمہ دار آئی ایم ایف کے غلام حکمران ہیں۔ لوگ بھوک افلاس اور مہنگائی بے روزگاری کے ہاتھوں فاقوں اور خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ مزدور کی ماہانہ تنخواہ سے کہیں زیادہ بجلی و گیس کے ماہانہ یوٹیلیٹی بلز نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ ماہانہ 30 ہزار کمانے والے پر ٹیکسوں کا انبار اور لاکھوں تنخواہیں لینے والوں اشرافیہ کو مفت مراعات سراسرظلم کا نظا م ہے۔ ایک طرف پنجاب کی عوام صحت، تعلیم، صاف پانی سمیت دیگر بنیادی انسانی سہولیات کیلئے ترس ر ہی ہے دوسری طرف عوام کے ٹیکسوں سے اکٹھا ہونے والے پیسوں سے پنجاب کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز،اے ڈی سی جی، آرز کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے کیلئے 2333ملین روپے جاری کر دئیے گئے ہیں۔ عام آدمی بھوک کے ہاتھوں اپنے معصوم بچوں سمیت خود کشیاں کر رہا ہے تو دوسری طرف حکومتی عیاشیاں عروج پر ہیں۔
معاشی تباہی کے ذمہ دار آئی ایم ایف کے غلام حکمران:ضیاءالدین انصاری
Jul 24, 2023