لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت گزشتہ روز وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب کابینہ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں سیلاب کی تازہ صورتحال اور بھارت کی جانب سے دریاو¿ں میں پانی چھوڑے جانے کے حوالے سے تیاریوں اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹر ی آبپاشی نے بریفنگ میں بتایا کہ دریائے راوی اور ستلج پر بھارت کے بنائے ڈیمز میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے اور راوی پر بنایا گیا ڈیم90 فیصد جبکہ ستلج پر بنایا گیا ڈیم 70 فیصد بھرگیا ہے۔ کابینہ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ راوی اور ستلج کے کیچمنٹ ایریا میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ اور بھارت راوی اور ستلج میں مزید پانی چھوڑ سکتا ہے، جس سے دونوں دریاو¿ں میں سیلا ب کا خدشہ ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیلاب کی تازہ صورتحال اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے حوالے سے محکمہ آبپاشی، پی ڈی ایم اے، ریسکیو1122 اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیا اور دریائے راوی اور ستلج کے بیڈ کے اندر موجود آبادیوں کے بروقت انخلاء کیلئے پلان تیارکرنے کی ہدایت کی۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں فرانس کے سفیر نکولیس گیلی (Mr. Nicolas Galey) نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین معاشی، تجارتی اور دیگر شعبو ں میں تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ محسن نقوی نے 37 برس بعد ورلڈ جونیئر سکوائش چیمپئن شپ جینے پر حمزہ خان کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حمزہ خان نے پاکستان کا نام روشن کیا۔ دوسری طرف بحریہ آچرڈ ہسپتال میں دل کے کامیاب آپریشن کے بعد مکمل صحت یاب ہونے پر 8 سالہ بچی نور فاطمہ کو ڈسچارج کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ہسپتال کا دورہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے بچی نور فاطمہ کو تحائف دئیے۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور بچی نور فاطمہ کا دل بہلاتے رہے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے بچی نور فاطمہ کی مکمل صحت یابی اور ہسپتال سے ڈسچارج پر خوشی کا اظہار کیا۔
محسن نقوی