جہلم(نامہ نگار)جہلم شہر اور مضافاتی علاقوں میں گداگروں کی یلغار نے شہریوں کو پریشان کر دیا ۔ گداگروں میں زیادہ تعداد خوبصورت بھکارنوں کی ہے جو حلیہ سے دوسرے اضلاع بالخصوص لاہور، ملتان،ڈیرہ غازی خان کے علاقوں کی معلوم ہوتی ہیں بھکارنیں جگہ جگہ شہریوں کا پیچھا کر کے زبردستی بھیک کا مطالبہ کرتی ہیں جبکہ کم سن بچوں کو جعلی معذور بنا کر یا ذخمی ظاہر کر کے اہم مقامات پر بٹھادیتی ہیں ان دنوں بھکاریوں کی بڑی تعداد نے شہر کے لاری اڈہ ، ریلوے روڈ ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ،ضلع کچہری سمیت پبلک مقامات کا رخ کر لیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کے لئے گھروں میں آرام کرنا ، عبادت کرنا ، مسجدوں سے نکلنا، شاپنگ کرنا اور پیدل چلنا عذاب بن کر رہ گیا ہے ۔شہر پر دھاوا بولنے والی گدا گر خواتین میں کمسن بچیوں اور نوعمر لڑکیوں سمیت نوجوان خوبروہ لڑکیاں اور عمر رسیدہ خواتین بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے مانگنے کے نت نئے طریقے ایجاد کر رکھے ہیں خواتین کی اکثریت شیر خوار بچوں کو گود میں اٹھا کر بچوں کی کئی روز کی بھوک یا مہلک مرض میں مبتلا ہونے کا حوالہ دے کر اور دیگر مختلف حربے استعمال کرتی اور بھیک وصول کئے بغیر پیچھا نہیں چھوڑتیں ، شہریوں نے ڈی پی او جہلم سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
جہلم اور مضافاتی علاقوں میں گداگروں کی یلغار نے شہریوں کو پریشان کر دیا
Jul 24, 2023