لاہور(سپورٹس رپورٹر)زمبابوے کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ٹاٹینڈا ٹائبو نے کہا ہے کہ بابر اعظم کی بیٹنگ جذبات میں کی جانے والے شاعری ہے۔ کسی کو تکنیک سکھانی ہے تو پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ دکھائیں جن کی بیٹنگ دیکھ کر مزہ آتا ہے، بابر اعظم تکنیکی طور پر بہت مضبوط ہیں۔ ایک بار پھر پاکستان آ کر لطف اندوز ہو رہا ہوں، پہلے کھلاڑی کی حیثیت سے آیا، اب میں یہاں کوچنگ کر رہا ہوں، جس ملک سے ماضی میں آپ کا تعلق رہا ہو اور عرصہ دراز کے بعد دوبارہ واپس آئیں تو اچھا لگتا ہے۔میں کھیل سے زیادہ کوچنگ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں، میں اپنا علم اور تجربہ دوسروں کو دیکر زیادہ اچھا محسوس کرتا ہوں۔ کوچنگ کیمپ میں اچھا ٹیلنٹ ہے، پاکستان سمیت اس خطے میں بہت زیادہ ٹیلنٹ پایا جاتا ہے، میرا بیٹا بھی جلد پاکستان میں ٹیلنٹ دیکھنے کیلئے پہنچ رہا ہے۔، میں نے بیٹے سے کہا ہے کہ ٹیلنٹڈ لوگوں کو آ کر دیکھو، اسے یہاں آ کر ٹیلنٹڈ لوگوں کو دیکھنے سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں زمبابوے کے صرف 2 کھلاڑی اچھا کھیلے، سکندر رضا اور شین ولیمز کے علاوہ بھی کھلاڑیوں کو پرفارم کرنا چاہیے تھا، صرف 2 کھلاڑیوں کی وجہ سے آپ آگے کوالیفائی نہیں کر سکتے۔ آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان ٹیم ہمیشہ ٹاپ فور میں رہتی ہے، ایسے ایونٹس میں پاکستان ٹیم اچھا کھیلتی ہے، دیکھتے ہیں کہ اس مرتبہ پاکستان کا کمبی نیشن کیا ہوتا ہے۔
سابق زمبابوین کپتان ٹاٹینڈا ٹائبونے بابر اعظم کی بیٹنگ کو شاعری قرار دیدیا
Jul 24, 2023