فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) کرنٹ لگنے سے کمسن بچہ اور دو نوجوان لقمہ اجل بن گئے۔ تفصیل کے مطابق ستیانہ روڈ اعوان والا سٹاپ کا رہائشی عبداللہ گھر کی چھت پر کھیل رہا تھا کہ اسی دوران چھت کے قریب سے گذرتی بجلی کی تار سے کرنٹ لگنے کے نتیجے میں موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ تاندلیانوالہ کے علاقہ اعوان ٹاؤن میں محمد بلال سکنہ 422 گ ب کبوتر کو پکڑنے کے لیے دیوار پر چڑھنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسی دوران بجلی کے تاروں سے اسے کرنٹ لگ گیا جس کے نتیجے میں بری طرح جھلس کر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ تاندلیانوالہ کے علاقہ چک نمبر 433 گ ب جھوک دتہ میں واقع زیر تعمیر مکان کی چھت ڈالنے کے لیے مزدور آہنی ٹی آر اوپر چڑھا رہے تھے کہ اسی دوران ٹی آر بجلی کی تار سے چھو گیا جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے مزدور صغیر سکنہ جلہ موڑ بری طرح جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔