اسلامیہ یونیورسٹی کے 2 افسروں پر منشیات فروخت کا الزام‘ تحقیقاتی کمیٹی قائم

بہاول پور (الیاس ذاکر) اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی انتظامیہ نے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی ہدایات پر یونیورسٹی کے دو افسران کے منشیات کے استعمال اور فروخت کے الزام میں گرفتاری کے بعد ایک اعلی اختیاراتی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ اس کمیٹی کے سربراہ پروفیسرڈاکٹر راؤسعید احمد، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف فارماسیوٹیکل کیمسٹری جبکہ ممبران میں پروفیسرڈاکٹر محمد امجد، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف فزکس، محمد بلال ارشاد، ایڈیشنل رجسٹرار لٹیگیشن شامل ہیں۔ یہ کمیٹی دونوں افسران کے خلاف الزامات کی جامع تحقیق کرائے گی اور تمام دستیاب ڈیجیٹل، فزیکل اور دیگر گواہیوں پر مبنی مواد کا جائزہ لے گی۔کمیٹی ممبران تمام امور کا شفاف اور غیرجانبدارانہ جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے اور الزامات ثابت ہونے پر انضباطی کارروائی کی سفارش کریں گے۔ کمیٹی نوٹیفکیشن کے مطابق خزانہ دار پروفیسر ڈاکٹر ابوبکر اور چیف سکیورٹی آفیسر میجر سید اعجاز حسین شاہ کو فوری طور پر تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ساؤتھ پنجاب نے بھی یونیورسٹی انتظامیہ سے رابطہ کر کے ایک مشترکہ تحقیقی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ جس کے سربراہ ڈاکٹر فرید شریف، ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز کالجز ساؤتھ پنجاب ہیں دیگر ممبران میں پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف فزکس، محمد بلال ارشاد، ایڈیشنل رجسٹرار لٹیگیشن شامل ہیں۔ یہ کمیٹی تین دن میں سفارشات سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ساؤتھ پنجاب کو پیش کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن