پشاور (نیٹ نیوز) خیبرپی کے کے نگران وزیر برائے ٹرانسپورٹ شاہد خٹک نے کہا ہے ذاتی مصروفیات کی وجہ سے وزارت سے استعفیٰ دیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا الیکشن کمشن کا مجھے نہیں پتہ کہ مجھے ہٹا رہے ہیں۔ اپنا استعفیٰ بذریعہ فیکس نگران وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری کو ارسال کردیا۔مجھے علم نہیں میرا استعفیٰ منظور ہوا ہے یا نہیں، وزارت سے مستعفی ہو رہا ہوں لیکن اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھوں گا۔شاہد خٹک کا کہنا تھا زندگی اور صحت رہی تو آئندہ عام انتخابات میں حصہ لوں گا۔خیال رہے الیکشن کمیشن نے شاہد خٹک کی عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے جلسے میں شرکت اور خطاب پر نوٹس لیا تھا اور انہیں وزارت سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔
الیکشن کمشن نے نہیں ہٹایا، خود وزارت سے مستعفی ہوا: صوبائی نگران وزیرشاہد خٹک کا دعویٰ
Jul 24, 2023