لاہور( این این آئی)صدراستحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ روایتی طریقہ کارمیں تبدیلی لاکرملکی اداروں کی تطہیر کی ضرورت ہے،بہت وقت ضائع ہوچکا، اب ملک کو درست سمت میں گامزن کرنا ہوگا۔پارٹی سیکرٹریٹ میں رہنمائوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی ملکی ترقی واستحکام کی پالیسیاں تشکیل دے گی، نمائشی اور وقتی منصوبوں کے بجائے ٹھوس اورمستقل فیصلے کریں گے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے فرمودات کی روشنی میں تعمیر پاکستان کا سفرجاری رکھیں گے، بہت وقت ضائع ہوچکا، اب ملک کو درست سمت میں گامزن کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی پلیٹ فارم سے زندگی کے تمام شعبوں کے لئے ورکنگ گروپ تشکیل دیں گے۔ کسانوں، وکلاء ، طلبہ، خواتین، سول سوسائٹی کو جدوجہد میں شامل کریں گے۔ ملک میں یوتھ کے لئے نئے فورم بنانے اور عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔عبدالعلیم خان روایتی طریقہ کارمیں تبدیلی لاکرملکی اداروں کی تطہیر کی ضرورت ہے، بحیثیت قوم ہمیں اپنی ذمے داری کا احساس اورناکامیوں کااعتراف کرنا ہوگا۔