لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ انسانی تاریخ کا بہترین دور حکومت خلافت فاروق اعظم تھا۔ ان کی مثالی حکمرانی قیامت تک مینارہ نور ہے۔ آپ نے بہترین عدل و انصاف اور امانت و دیانت کے ایسے شاندار نقوش چھوڑے ہیں کہ غیر مسلم دنیا بھی ان کی معترف ہے۔ آج یورپ اور امریکہ میں عمر لاء کی مثالیں پیش کی جاتی ہیں۔ گزشتہ روز گلبرگ میں عظمت فاروق اعظم سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ان کے علاوہ علامہ پروفیسر فیاض احمد سلفی‘ مولانا محمد عبداللہ مدنی‘ علامہ شاہد سلیم‘ مولانا ضیاء الرحمن فاروقی‘ پروفیسر عدنان فیصل‘ مولانا عبدالستار نیازی اور حافظ اکرام الٰہی نے بھی خطاب کیا۔ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ حضرت عمرؓ اپنی ذاتی اور عوامی زندگی میں اپنی تمام رعایا کیلئے خیرو بھلائی کا اعلیٰ نمونہ تھے۔ وہ اپنی رعایا کی خبر گیری‘ ہمدردی اور خدمت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ تھے۔ آپؓ کی تربیت خود امام الانبیاء نے کی اور اللہ پر ایمان و یقین سے ان کا دل بھرپور تھا۔ اگر آج بھی مسلمان حکمران فاروق اعظم کیؓ کی سیرت و حیات کا مطالعہ کریں اور ان کی زندگی کے سنہرے اصولوں کو اپنا لیں تو وہ روئے زمین پر اسلام اور مسلمانوں کو کامیابیوں اور کامرانیوں سے ہمکنار کر سکتے ہیں۔
حضرت عمر فاروقؓ کے اصول اپنا کر حکمران کامیابی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں: زبیر احمد ظہیر
Jul 24, 2023