ڈھاکہ (نوائے وقت رپورٹ) بنگلہ دیش کے جنوبی ضلع جھلاکاٹھی میں بس سڑک کے کنارے موجود پانی کے تالاب میں گرنے سے کم از کم 17 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کی خبر کے مطابق مرنے والوں میں 8 خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں۔ ضلعی پولیس افسر افروزالحق توتل نے خبررساں ایجنسی انادولوں کو بتایا کہ زخمیوں میںسے 45 کو قریبی سرکاری ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حادثے کا شکار بس جنوبی مغربی ضلع پیروج پورکے علاقے بھنڈاریا سے ضلع جھلکاٹھی کی جانب جا رہی تھی۔ ڈرائیور نے بس پر کنٹرول کھو دیا جس کے بعد وہ تالاب میں گر گئی تھی۔ پولیس افسر نے بتایا کہ بس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
بنگلہ دیش، ڈرائیور قابو نہ رکھ سکا، مسافر بس تالاب میں جاگری، 17افراد ہلاک، 53زخمی
Jul 24, 2023