راولپنڈی(جنرل رپورٹر)محرم الحرام ، ضلع بھر میں مرکزی جلوس اور امام بارگاہوں کی صفائی کے حوالے سے کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، افسران اور ورکرز کو ہائی الرٹ اور چھٹیاں منسوخ کر دی گئی،گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے شہر میں صادق آباد سے لے کر راجہ بازار تک مکمل محرم جلوس روٹ کا معائنہ کیا، انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں راولپنڈی اور اس کی تحصیلوں میں مرکزی جلوس اورامام بارگاہوں کی صفائی کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے محرم الحرام صفائی پلان پر عملدرآمد کے لئے تمام تر توانائیاں صرف کی جائیں، جلوسوں کے راستوں اور امام بارگاہوں کے ارد گرد صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں،تمام عملے اور افسران کو الرٹ کیا جائے، امام بارگاہوں کے قریب واقع نالوں اور راستوں کی صفائی کا کام ایکسیویٹر اور ہیوی مشینری کے ذریعے کیا جائے، چیف ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے ڈپٹی کمشنر کو محرم الحرام کیلئے صفائی پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محرم الحرام صفائی پلان پر پوری یکسوئی سے عملدرامد کیلئے ہم نے اپنے ورکرز کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے شہر بھر کی گلیوں،راستوں، جلوسوں کی گزرگاہوں، امام بارگاہوں کے ارد گردخصوصی صفائی شروع کر دی ہے، ورکرزکی اضافی نفری تعینات کر کے نالوں اور کوڑا کرکٹ ڈالنے والے کنٹینروں کی صفائی دھلائی کرائی جا رہی ہے،محرم کے جلوسوں کی گزرگاہوں پر چونا پھینکنے کے ساتھ ساتھ سپرے بھی کیا جائے گا اور جلوسوں کے گزرنے کے بعد بھی خصوصی طور پر صفائی کی جائے گی،انہوں نے بتایا کہ تمام تر انتظامات کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔