ہالی وڈ کی نئی فلم ' باربی' نے ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر دھوم مچا دی ہے،فلم نے 2023 کے سب سے بڑے اوپننگ بزنس کا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق فلم کے ڈسٹری بیوٹر 'وارنر بروز' نے کہا ہے کہ ' باربی' نے ویک اینڈ پر امریکا اور کینیڈا کے سنیما گھروں سے 11 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا جو 2023 کا سب سے بڑا اوپننگ بزنس ہے۔ اس کے علاوہ فلم نے دنیا بھر سے 33 کروڑ سات لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔اس سے قبل رواں برس ریلیز ہونے والی فلم 'دی سپر ماریو بروز' نے اوپننگ پر ریکارڈ بزنس کیا تھا۔' باربی' کے ساتھ ساتھ اس ویک اینڈ پر فلم 'اوپن ہائمر' بھی سنیما گھروں کی زینت بنی ہے۔ جس نے امریکا اور کینیڈا سے آٹھ کروڑ پانچ لاکھ ڈالرکا بزنس کیا ہے جب کہ فلم نے دنیا بھر سے 17 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کمائے۔یاد رہے کہ ہالی وڈ میں جون اور جولائی کے مہینے میں فلموں کے ٹکٹوں کی فروخت مایوس کن نظر آ رہی تھی لیکن اس ویک اینڈ پر ریلیز ہونے والی ' باربی' اور 'اوپن ہائمر' نے سنیما گھروں کی رونقیں بڑھا دی ہیں۔گزشتہ ماہ ریلیز ہونے والی 'دی فلیش' فلم بینوں کو متاثر کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تھی جب کہ انڈیانا جونز کی نئی فلم اور ٹام کروز کی مش امپاسبل بھی توقعات کے مطابق بزنس نہیں کر سکیں۔کامیڈی فلم ' باربی' کی ہدایات گریٹا گرویگ نے دی ہیں جب کہ اس میں اداکارہ مارگو روبی نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ فلم کی کہانی بھی مشہور زمانہ ڈول’ باربی‘ کے گردہی گھومتی ہے۔