گوجرالہ پورڈ ، پوزیشن ہولڈرز کے اعتراز میں تقریب

Jul 24, 2024

فرحان راشد میر 

امتحانی نتائج  کے موقع پر تعلیمی اداروں میں پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریبات کا انعقاد ہمارے تعلیمی نظام کی ایک درخشندہ روایت چلی آرہی ہے ۔رواں ماہ وزیراعلی کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے تمام ایجوکیشن بورڈز میں میٹرک سالانہ امتحانات کے نتائج کے موقع پر پوزیشن ہولڈرز کا اعلان بھی کیاگیا اور ان کے اعزاز میں شاندار تقریبات کا انعقاد بھی کیاگیا۔ گزشتہ پانچ سال سے پوزیشنوں کا اعلان نہ ہونے سے تعلیمی حلقوں میں مایوسی پائی جا رہی تھی اور راقم نے رزلٹ سے چند روز قبل انہی صفحات پر تعلیمی حلقوں کی طرف سے پوزیشنوں کے اعلان کا مطالبہ کیا تھا۔ اس سال گوجرانولہ ایجوکیشن بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک امتحانات 2024  میں پوزیشن لینے والے طلبہ کے اعزاز میں 10 جولائی کو قائد اعظم ڈویڑنل پبلک سکول کے ایڈیٹوریم میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب تقسیم انعامات میں کمشنر سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر گوجرانولہ محمد طارق قریشی، کنٹرولر بورڈ پروفیسر محمد نعیم بٹ، سیکریٹری بورڈ شہزاد احمد، سکولوں کے سربراہان،والدین اور اساتذہ نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر و چئیرمین بورڈ سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر آج پانچ سال بعد پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جس میں وزیراعلی کے وڑن کے مطابق ذہانت اور میرٹ کو سلام پیش کیا گیا ہے۔اس موقع پر کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد نعیم بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات اور نتائج کی تیاری میں شفافیت کا مکمل خیال رکھا گیا ہے۔ بورڈ ٹاپر محمد شجاح امیر کوجب بلایا گیا تو  سب حاضرین نے کھڑے ہو کر بھرپور داد دی۔ سوا 2 لاکھ امیدواروں میں سے پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر طالبعلم اور اس کے والدین کی خوشی سے آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔ مجموعی طور پر سیکنڈ پوزیشن محمد ولید، تھرڈ پوزیشن 2 طالبات بریرہ اور مومنہ لیاقت نے مشترکہ حاصل کی۔ سائنس گروپ بوائز میں تھرڈ پوزیشن محمد بلال نے حاصل کی۔ سائنس گروپ گرلز میں سیکنڈ پوزیشن سنعیہ نوال اور تھرڈ پر دو طالبات ہادیہ اور حریم رہیں۔ جنرل گروپ بوائز میں سعود، عامر شہزاد اور دانیال نے بالترتیب فرسٹ، سیکنڈ اور تھرڈ پوزیشن لی۔ جنرل گروپ گرلز میں تحریم فاطمہ، خدیجہ مسکان اور طیبہ ظہیر نے اول،دوم اور سوم پوزیشن لی۔ ٹاپ 14 پوزیشن ہولڈرز میں 4 کے والدین بزنس مین اور 10 کا تعلق متوسط اور محنت کش  طبقہ سے تعلق ہے۔ جنرل گروپ بوائز میں تینوں پوزیشن ہولڈرز کے والد مزدور ہیں۔ جنرل گروپ میں ٹاپر سعود کے والد مزدوری کرتے ہیں۔ اس نے بتایا کہ ہم  8 بہن بھائی ہیں۔ والد بیمار رہتا ہے۔ میں اپنی تعلیم  اور گھر کے اخراجات پورے کرنے کیلئے خود بھی مزدوری اور گاؤں میں بھینسوں کو چارا ڈالتا رہا ہوں۔ متوسط اور مزدور پیشہ گھروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے ثابت کیا ہے۔کہ قابلیت کسی کی میراث نہیں ہے۔  پوزیشن ہولڈرز میں سے 8 کا تعلق پہلوانوں کے شہر گوجرنوالہ ڈسٹرکٹ سے ہے۔ تقریب کے اختتام پر طلبہ میں میڈلز اور کیش ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔

مزیدخبریں