مذاکرات جاری‘ آئی ایم ایف بورڈ  اگلے ماہ معاہدے کی منظوری دیگا: وزیر خزانہ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مذاکرات جاری ہیں‘ اگست کے آخر  میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا۔ محمد اورنگزیب نے نجی ٹی وی سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بیرونی فنانسنگ گیپ پر مذاکرات جاری ہیں، بیرونی فنانسنگ گیپ پر مذاکرات سٹاف لیول معاہدے کی منظوری میں رکاوٹ نہیں ہوں گے۔ چین نے مختلف فورمز پر ہماری مدد کی ہے، چینی وزیر خزانہ سے ملاقات کرکے ان کا شکریہ ادا کروں گا۔ وزیر توانائی اویس لغاری کے ہمراہ آج رات دورہ چین پر روانہ ہوں گا۔ چینی حکام کے ساتھ توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر بات چیت ہوگی۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب نے بین القوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کے ساتھ ورچول اجلاس منعقد کیا جس میں وزارت کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کے معاشی آؤٹ لک کے بارے میں  تفصیل سے بتایا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر نو بلین ڈالر ہیں، سی پی آئی افراط زر 12.6 کے سطح پر مستحکم ہے، ترسیلات میں 7.7 فیصد کی گروتھ آئی ہے، گزشتہ مالی سال میں ریونیو میں 30 فیصد کی گروتھ ہوئی۔ انہوں نے ٹیکسوں کی بنیاد کو وسیع کرنے کے لیے نئے زرعی ٹیکسوں کے نفاذ اور ایف بی آر ڈیجیٹل  انیشیٹو کے بارے میں بتایا، انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ لاکھ پرچون فروشوں نے خود کو رجسٹرڈ کروا لیا ہے۔ 2027ء تک ریونیو کو جی ڈی پی کے تین فیصد کے مساوی بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے موڈیز کے نمائندہ کو آئی ایم ایف کے ساتھ نو ماہ کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کی کامیاب تکمیل کے بارے میں بھی آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ ملٹی نیشنل ادارے پاکستان کے منصوبہ پر فنانسنگ کر رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے ارینجمنٹ کے بارے میں سٹاف لیول معاہدہ بھی ہو گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن