لاہور(کامرس رپورٹر)چیف کوآرڈینیٹر تاجر دوست سکیم نعیم میر نے تاجر دوست سکیم کے تحت ملک بھر کے 42 شہروں میں ریٹیلرز سے ایڈوانس ٹیکس وصول کرنے کیلئے ایف بی آر کے ایس آر او 1064 سے متعلق کہا کہ تمام ریٹیلرز پر ایڈوانس ٹیکس لگایا گیا ۔ تاجر تنظیموں کے ساتھ مشاورت ہوئی جس میں انہوںنے ٹیکس نیٹ میں شمولیت کی رضامندی ظاہر کی۔ تاجر تنظیمیں ایڈوانس ٹیکس ٹیبل میں تخفیف کی خواہاں تھیں۔ ایڈوانس ٹیکس سالانہ ٹیکس گوشوارے میں ایڈجسٹ ہوگا جوماہانہ بنیاد پر ادا کرنا ہوگا اوریکمشت ادائیگی پر 25فیصد رعایت بھی ملے گی۔ نعیم میر نے کہا ریفنڈ کیلئے خودکار نظام وضع ہوگا جس میں ایف بی آر حکام کا دخل نہ ہوگا۔ اَپر ٹیکس بریکٹ پر مزید اعتراض کی صورت میں بورڈ کے پاس ریویو کی آپشن ہوگی‘ رہائشی علاقوں میں 100سکوئر فٹ کی دکان پر کوئی ٹیکس نہ ہوگا۔ کمرشل علاقوں میں 50 سکور فٹ کی دکان اور5x3 کے کھوکھے و ٹھیلوں پر 100روپے ماہانہ ٹیکس ہوگا۔