لاہور‘اسلام آ باد سمیت کئی  شہروں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

Jul 24, 2024

اسلام آ باد /لاہور(آئی این پی)لاہور‘اسلام آ باد  سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش   کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا،شدید بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی   متاثر ہو گئی ۔ منگل کوصوبائی دارالحکومت لاہور میں علی الصبح بارش کے بعد شہریوں کے گرمی سے مرجھائے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شالیمار، گڑھی شاہو، مال روڈ، کینال روڈ، ہربنس پورہ، ساندہ، اسلامپورہ و گردو نواح میں بادل برسے، بارش کے دوران لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی۔ لاہور کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، جہلم، مریدکے، گوجرانوالہ، اٹک، وزیر آباد سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بھی ہلکی اور تیز بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، شدید بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ دوسری جانب این ڈی ایم اے نے بارش کی وجہ سے اگلے تین دن کے دوران پنجاب کے اضلاع نارووال اور سیالکوٹ میں ہائی لیول فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جموں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث نارووال اور سیالکوٹ کے ندی نالوں میں سیلاب آ سکتا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق نالہ ایک، دائیک اور پلکھو میں شدید طغیانی سے ملحقہ علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، فلیش فلڈنگ سے ذرائع آمدو رفت میں خلل، عمارتوں، فصلوں اور مویشوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ این ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ خطرے سے دو چار آبادی کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں 25 جولائی تک بارشوں کا سپیل جاری رہنے کا امکان ظاہر کر دیا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ 25 جولائی تک لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سپیل جاری رہے گا، صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کے امکانات ہیں، 23 سے 24 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور تیز بارشیں متوقع ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ بارشوں سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی ہوگی، بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کئے جائیں، طوفان سے بجلی کے کھمبوں، سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔ عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد ازجلد یقینی بنایا جائے، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے موسمی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، عوام الناس سے التماس ہے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

مزیدخبریں