لاہور + فیصل آباد + سرائے مغل + قصور + جمبر (این این آئی + نمائندگان) لیسکو کمپنی کے 3 اہلکاروں کو بجلی چوری اور کرپشن پر برخاست کر دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق لیسکو شاہ عالم گیٹ سب ڈویژن میں نوید لائن سپرنٹنڈنٹ 2، اسسٹنٹ لائن مین قلعہ محمدی کے حافظ سلطان محی الدین اور اچھرہ سب ڈویژن کے میٹر ریڈر وسیم اکرم کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔ دریں اثناء بجلی چوروں کے خلاف لیسکو آپریشن کے دوران 24 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 522 ملزم بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے 151 کے خلاف مقدمات درج جبکہ 25 ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 11 کمرشل،11زرعی اور 500 ڈومیسٹک تھے جنہیں منقطع کر کے ان کو 5لاکھ 45ہزار 536 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے جن کی مالیت 1 کروڑ 69 لاکھ40ہزار 178روپے بنتی ہے۔ کارروائی شاہدرہ‘ چونیاں اور منڈی عثمان والا میں کی گئی۔ علاوہ ازیں فیسکو ٹیموں نے مئی اور جون میں چیکنگ کے دروان 110 صارفین کی بجلی چوری پکڑی جن کو تقریباً پانچ لاکھ ڈی ٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے اور انہیں ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے سے زائد کے جرمانوں پر مشتمل بل جاری کئے۔ سرائے مغل میں سب ڈویژن ہلہ کے اہلکاروں نے موضع بھونیکی کے چند صارفین کی بجلی کے بل نہ دینے پر صارفین کی بجلی منقطع کر دی۔ تھوڑی دیر بعد ملزم حافظ علی رضا، کاشف نمبردار، ساجد علی، اسد حسین اپنے دو نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ ایس ڈی او ہلہ سب ڈویژن کے دفتر میں جا گھسے اور ملازم گلزار اور دیگر کو تشدد کا نشانہ بنایا‘ قیمتی فرنیچر توڑ دیا اور دفتر کا قیمتی سرکاری ریکارڈ بھی پھاڑ کر ضائع کر دیا۔ ملازمین اور صارفین میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگوں نے بھاگ کر اور چھپ کر جانیں بچائیں۔ ایس ڈی او نے مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی۔ دریں اثناء سب ڈویژن سرفراز نگر کے اہلکاروں نے نواحی گائوں مدکے دھاریوال میں بجلی چوری پکڑی، ندیم، نادر اپنے دو نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ افائرنگ کر کے دہشت پھیلا دی اور لیسکو ملازمین کے چھ افراد کو تشدد کا نشانہ بنا کر ایک کمرے میں بند کر کے یرغمال بنا لیا۔ ملازمین کو آہنی راڈ سے مار مار کر ادھ موا کر دیا۔