خلیل الرحمان فلرٹ کر رہے تھے‘ چیٹ کے سکرین شاٹس پولیس کو دے دیئے: ملزمہ آمنہ

لاہور (نامہ نگار) ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰان قمر کو گھر بلا کر اغواء، لوٹ مار اور تشدد کی واردات کرنے والی ملزمہ آمنہ عروج نے بیان ریکارڈ کروانے کے ساتھ موبائل فون پر چیٹ کے سکرین شاٹس بھی انویسٹی گیشن پولیس کو فراہم کر دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملزمہ آمنہ عروج نے خلیل الرحمان قمر پر الزام لگایا ہے کہ وہ ان سے میسجز پر فلرٹ کر رہے تھے۔ خاتون کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد پولیس کیس کے تمام پہلوؤں  کی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر خلیل الرحمان قمر اور ملزمہ کے درمیان ہونے والی واٹس ایپ گفتگو کے سکرین شاٹس بھی زیرِ گردش ہیں۔ زیرِ گردش سکرین شاٹس میں خلیل الرحمان خاتون کی خوبصورتی اور آواز کی تعریف کرتے نظر آ رہے ہیں اور یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ خود کو مجھے سونپ دو پھر دیکھو کیا کمال ہوتا ہے۔ میں تم پر کچھ لکھنا چاہتا ہوں۔ میسجز سین نہ ہونے پر وہ لڑکی سے یہ بھی پوچھتے ہیں کہ کہیں وہ ان سے ناراض تو نہیں ہوگئی ہیں۔ علاوہ ازیں گروہ کا ماسٹر مائنڈ حسن شاہ پولیس کی گرفت میں ابھی تک نہیں آ سکا ہے۔ ملزم نے بلیک میلنگ کیلئے گروہ بنا رکھا تھا جس میں خواتین اور مرد شامل ہیں۔ حسن شاہ بلیک میلنگ کے ذریعے کئی شخصیات سے کروڑوں روپے ہتھیا چکا ہے۔

ای پیپر دی نیشن