ننکانہ صاحب(نامہ نگار) صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے ضلع ننکانہ صاحب کا دورہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد اور ڈی پی او صاعد عزیز نے ان کا استقبال کیا۔صوبائی وزیر نے ڈی سی کمیٹی روم میں ضلعی افسروں سے ملاقات کے ساتھ میٹرک کے امتحانات میں پوزیشنز حاصل کرنیوالے طلباء کے والدین اور اساتذہ سے ملاقات کی اور ان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے طلباء میں شیلڈز اور انعامات بھی تقسیم کیے۔بعد ازاں، صوبائی وزیر نے پولیس خدمت مرکز ننکانہ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر کو پولیس خدمت مرکز اور ضلعی انتظامیہ کے مشترکہ ڈیسک کے قیام کی سفارشات پیش کیں۔ صوبائی وزیر نے وزیر اعلیٰ سے منظوری کے بعد جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پولیس خدمت مرکز پر شہریوں اور اقلیتوں کو سہولیات کی فراہمی انتہائی مثبت اقدام ہے۔صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کے ہمراہ گوردوارہ جنم استھان کا دورہ بھی کیا۔