جلاﺅ گھیراﺅ کیس، آئندہ تاریخ پر ہر صورت فیصلہ ہو گا، وکلاء تیاری کے ساتھ آئیں،عدالت

 لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے عسکری ٹاور حملہ اور جلاو گھیراو کیس میں دوران سماعت ریمارکس دئیے ہیں کہ آئندہ تاریخ پر ہرصورت فیصلہ ہوگا، تمام وکلاءآئندہ سماعت پر دلائل کیلئے مکمل تیاری کیساتھ آئیں۔ عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و تحریک انصاف عمر ایوب کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں عسکری ٹاور جلاو گھیراو کے مقدمہ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں جن میں عمر ایوب، اسد عمر اور فواد چودھری سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج خالد ارشد نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔دوران سماعت مقدمات میں نامزد پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی جانب سے ان کے وکلاءنے حاضری معافی کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمر ایوب اسلام آباد ہائیکورٹ میں مصروف ہیں جس کے باعث وہ آج عدالت پیش نہیں ہوسکتے۔ عدالت رہنماء پی ٹی آئی عمر ایوب کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان جن میں اسد عمر، عظیم اللہ، گل اصغر خان اور ملک احمد چٹھہ کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر کوئی بھی ملزم غیر حاضر نہ ہو۔عدالت نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو فوری طلب کر لیا جبکہ پولیس کو آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیا اور تمام وکلاءکوآئندہ سماعت پر دلائل کیلئے عدالت میں تیاری کیساتھ پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ تاریخ پر ہر صورت فیصلہ ہو گا۔بعدازاں اے ٹی سی نے عسکری ٹاور حملہ اور جلاو گھیراو کے کیسز میں ملوث 28 ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں دو اگست تک توسیع کردی۔

ای پیپر دی نیشن