بجلی چوروں اور انکے سہولت کاروں کیخلاف بھرپور کاروائیاں جاری ہیں، محمد نعیم جان 

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے)چیف ایگزیکٹو آئیسکو محمد نعیم جان نے اسلام آباد سرکل کی ماہانہ کارکردگی اجلاس کی صدارت کی اجلاس کے دوران انکا کہنا تھا کہ بجلی چوروں اور انکے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کاروائیاں جاری ہیں اور ریجن بھر سے بجلی چوری کے مکمل خاتمے کیلئے کریک ڈاؤن کا دائرہ کار  مزید بڑھایا جائے۔ بجلی کی مستحکم ترسیل کو مزید بہتر بنانے کیلئے 11کے وی فیڈرز کی بائفرکیشن، اوور لوڈ ٹرانسفارمرز کی بلیسنگ کی جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ  صارفین کو بہترین کسٹمر سروسز کی فراہمی ممکن بناتے ہوئے انکے بجلی سے متعلقہ مسائل کا فوری اور بروقت ازالہ کیا جائے۔آئیسکو چیف نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لائن لاسز میں مزید کمی اور بجلی واجبات کی سو فیصد وصولی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے حصول میں سستی اور کوتاہی کرنے والے افسران کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ دفاتر میں قابل اور پیشہ ورانہ امور میں مہارت رکھنے والے افسران و عملہ تعینات کیا جائے اور ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بھر پور محکمانہ کاروائی کی جائے۔ اجلاس میں جنرل منیجر آپریشن محمد اسلم خان، چیف کمرشل عارف محمود سدوزئی، ڈائریکٹر کمرشل وحید اکرم، ایس ای اسلام آباد شہزاد جلیل اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن