اسلام آباد(خبرنگار)دہشت گردی کے خلاف ساری قوم یک آواز ہے، نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت ترین ایکشن کی ضرورت ہے، اسی طرح وقت کا تقاضا ہے کہ ملک بھر میں استحکام لانے کے لئے دہشت گردی کے ناسور کو ہر صورت جڑ سے اکھاڑاجائے۔ ان خیالات کا اظہار استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان اور عوامی نیشنل پارٹی کے صدر و سینیٹر ایمل ولی خان نے ملاقات میں کیا۔ ایمل ولی خان نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے اْن کے دفتر میں ملاقات کی جہاں صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے باجوڑ کے حالیہ ضمنی الیکشن میں اے این پی کی کامیابی پر ایمل ولی خان کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے سیاسی جماعتوں کے مابین ہم آہنگی انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی پالیسیوں کو لانگ ٹرم بنیادوں پر استحکام حاصل ہو۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں مانسہرہ سے بابو سر ٹاپ تک موٹروے کی تعمیر اْن کی اولین ترجیح ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ مانسہرہ سے گلگت تک تیز ترین روڈ نیٹ ورک سارے صوبے کے لئے "گیم چینجز"ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موٹرویز پر اوورلوڈنگ والے ٹرکوں اور ٹرالرز کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے تاکہ قومی شاہرات کو توڑ پھوڑ اور حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ صدر عوامی نیشنل پارٹی اور سینیٹر ایمل ولی خان نے صدر آئی پی پی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں اپنے علاقے کے حوالے سے بعض مسائل کی نشاندہی کی۔مزید برآں مانسہرہ سے پاکستان مسلم لیگ ن کے ممبرقومی اسمبلی سردار محمد یوسف نے بھی استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور انہیں مانسہرہ کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے وفاقی وزیر سے بالخصوص صوبہ کے پی کے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں مانسہرہ سے منسلک بعض سڑکوں کی تعمیر کے حوالے سے نشاندہی کی۔ عبدالعلیم خان نے سردار محمد یوسف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود مانسہرہ آئیں گے اور موقع پر ہی مشکلات کے ازالے کا حل کیا جائے گا
ملکی استحکام کیلئے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑاجائے، عبدالعلیم خان
Jul 24, 2024