اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اسلام آباد میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے، شہر کی خوبصورتی میں اضافے اور جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے مارگلہ پہاڑیوں پر تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس شجرکاری مہم کے دوران 40 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ اس ضمن میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے مارگلہ ہلز شجرکاری کو کامیاب بنانے کیلئے چئیرمین سی ڈی اے محمدعلی رندھاوا کو ٹاسک دے دیا ہے وزیرداخلہ محسن نقوی نے مارگلہ ہلز کی اصل خوبصورتی بحال کرنے اور پودوں کی حفاظت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے وزیر داخلہ نے کہا کہ مارگلہ ہلز پر ہیٹ ویو کے باعث آتشزدگی کے واقعات سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے مارگلہ ہلز پر لگائے گئے پودوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ آرائشی درختوں کی بجائے پھلدار اور پھول دار پودے لگائے جائیں گے، جس سے اسلام آباد کو مزید سرسبز و شاداب بنائیں گے۔ شجر کاری کا بنیادی مقصد مارگلہ ہلز کی جنگلی حیات کی حفاظت اور اس میں اضافہ کرنا بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارگلہ ہلز شجرکاری مہم سے اسلام آباد میں ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔ شجرکاری مہم 60 روز تک جاری رہے گی۔