اسلام آباد (خبر نگار) وائس چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحب زادہ سید سمیع اللہ حسینی نے کہا ہے کہ افواج پاکستان جانوں کے نذرانے دے کر ملک میں امن و امان اور استحکام پیدا کرنے میں محو ہے ، فوجی ترجمان نے واضح کر دیا ہے اور کہا شرپسند عناصر کو ڈھیل دیں گے تو ملک میں فسطائیت پھیلے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایک طرف جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے دوسری طرف ڈیجیٹل دہشتگردوں کے سامنے کھڑی ہے یہ پاک فوج کا ہی اعجاز ہے قدرتی آفات سیلاب و زلزلہ کے متاثرین کی بحالی اور امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔صاحب زادہ سید سمیع اللہ حسینی نے کہا کہ افغانستان کی سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونا لمحہ فکریہ ہے حا لانکہ پاکستان نے مشکل کی ہر گھڑی میں افغانستان کی مدد کی ہے۔ پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے عزم استحکام ہمہ گیر مہم ہے جو دہشت گردی کے خاتمے کا باعث بنے گی ، خدارا مہم کو متنازع نہ بنایا جائے ۔ وائس چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان نے مزید کہا کہ یہ وقت ڈیجیٹل دہشت گردی کی جڑیں اکھاڑنے کا ہے اور پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا مہم روکنے اور شر پسند عناصر کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی ضرورت ہے