سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل دہشت گردی پی ٹی آئی نہیں کر رہی ملک سے باہر سے ہو رہی ہے، کابینہ کے اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی کا کام کیا جارہا ہے، نواز شریف اور آصف زرداری تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کرنے جا رہے ہیں۔لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جسے ڈیجیٹل دہشت گردی کہہ رہے ہیں یہ پی ٹی آئی کی طرف سے نہیں ہو رہی ہے۔ نواز شریف اور آصف زرداری آج غلط رخ میں کھڑے ہیں۔ جوبھی ان دونوں کے ساتھ کھڑا ہے وہ مستقبل کی سیاست میں نظریں نہیں ملا سکے گا۔بانی پی ٹی آئی عمران خان مظلوم ہیں ساری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ عمران خان کو 14 ماہ سے جیل میں رکھا ہوا ہے۔ دنیا پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دیکھ رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات روف حسن کو فوری رہا کیا جائے۔آپ نے بانی پی ٹی آئی کو 14 ماہ سے جیل میں رکھا ہوا ہے۔ کیا فرق پڑاپی ٹی آئی سے بلّے کا نشان چھیناگیا اور کیسے کیسے نشانات دئیے گئے پھر بھی لوگوں نے ووٹ پی ٹی آئی کو دئیے۔ کسی کا نشان چھلی کسی کا کدو تھا پھربھی پی ٹی آئی بھی جیتی تھی۔ عدالت کے ساتھ لڑائی کبھی عوام کے ساتھ لڑائی جس کے باعث معیشت تباہ ہو رہی ہے۔مہنگائی سے عوام شدید پریشان ہیں ۔ ابھی شروعات ہے آنے والے دنوں میں لوگ چیخیں گے۔ ٹی ٹی پی سمیت دیگر ملک دشمن جماعتوں کی کسی صورت حوصلہ افزائی نہیں ہوناچاہئے۔ عدالتوں کا حق سلب کر لیا گیا ہے نہ آپ سپریم کورٹ کو مان رہے ہیں نہ عوام کے فیصلوں کو اہمیت دی جا رہی ہے۔ پاکستان میں انارکی کی فضا پیدا کردی گئی ہے۔ اس وقت پاکستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ دنیا پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دیکھ رہی ہے۔ جو باہر بیٹھ کر عوام کو اداروں سے لڑانا چاہتے ہیں ہمیں اس مہم کا حصہ نہیں بننا۔
نواز شریف اور آصف زرداری تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کرنے جا رہے ہیں،فواد چوہدری
Jul 24, 2024 | 13:30