نوجوانوں کو ایسی سکلز سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں جو جاب مارکیٹ کے تقاضوں کو پورا کرتی ہیں،مریم نواز

Jul 24, 2024 | 14:30

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کاکہنا ہے کہ نوجوانوں کو ایسی سکلز سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں جو جاب مارکیٹ کے تقاضوں کو پورا کرتی ہیں، حکومت پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کررہی ہے، امید ہے جرمنی واقعہ میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچا یا جائے گا اور مستقبل میں ایسے واقعات نہیں ہوں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے فیڈرل ری پبلک جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔سینیٹر پرویز رشید اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ملاقات میںمریم نواز نے جرمنی میں پاکستانی سفارت خانے پر شر پسندوں کے حملے پر جرمن حکام کے فوری ایکشن کو سراہاجبکہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ اقتصادی تعاون، ٹیکنیکل ایجوکیشن میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی وزیراعلیٰ پنجاب نے جرمنی کی جانب سے پنجاب کے ترقیاتی شعبوں میں جاری تعاون اور سرمایہ کاری کو سراہا جبکہ قابل تجدید توانائی، پیشہ ورانہ تربیت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں مزید تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔دونوں رہنماﺅں کے درمیان پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول، جدت اور تکنیکی ترقی کو فروغ دینے میں باہمی تعاون پر اتفاق ہوا۔ دونوں رہنماوں کی ملاقات میں صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ممکنہ شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے جرمن سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کو درکار سہولیات کی فراہمی میں بھرپور معاونت کا یقین دلایا۔پنجاب میں فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے پروگراموں کو بڑھانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔جرمن سفیر الفریڈ گراناس نے پنجاب کے ساتھ باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہا،وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جرمنی قابل تجدید توانائی کے امور میں گلوبل لیڈر ہے، جرمنی نے ماحول دوست اقدامات کر کے انسانیت کی خدمت کی ہے، پنجاب کے شہریوں کو کلین اینڈ گرین انرجی فراہم کرنے کیلئے سولرائزیشن منصوبہ شروع کیا ہے۔

مزیدخبریں