نیپال میں طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ساریا ائیرلائن کے ائیرکرافٹ کو حادثہ کھٹمنڈو کے تربھون انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پیش آیا جہاں بدھ کے روز صبح 11 بجے کے وقت طیارے نے اڑان بھری تو وہ حادثے کا شکار ہوگیا، طیارے میں کریو ممبران سمیت 19 افراد سوار تھے جن میں سے 18 کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی جبکہ حادثے کے بعد کھٹمنڈو کے تربھون انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو بند کردیا گیا ۔حکام نے کہا کہ طیارہ حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں تاہم حادثے میں مرنے والوں کی لاشوں کو ہسپتا ل منتقل کردیا گیا جبکہ پائلٹ کو زخمی حالت میں طیارے سے باہر نکالا گیا ۔ طیارہ اڑان بھرتے وقت رن وے پر پھسلنے سے حادثے کا شکار ہوا جس کے بعد طیارے نے فوری آگ پکڑلی، حادثے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ طیارے نے رن وے سے اڑان بھرنے کی کوشش کی تو اس کا ایک پر زمین سے جالگا جس پر طیارے نے آگ پکڑلی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا طیارہ جل گیا۔