کراچی (ریڈیو نیوز/ بی بی سی ڈاٹ کام) کراچی میں بیت اللہ محسود کے 5ساتھیوں کو پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کرلیا گیا ہے اور ملزمان سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھوپیر کے ایک مکان میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی جس سے پولیس نے بھی ملزمان پر جوابی فائرنگ کی۔ پولیس نے پانچ افراد کو مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے تین کلاشنکوف رائفلیں‘ تین پستول اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق مکان میں کل گیارہ افراد موجود تھے تاہم پولیس مقابلے کے دوران گرفتار ہونے والوں کے چھ ساتھی پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ایس پی راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ یہ افراد کراچی میں بیت اللہ محسود کیلئے چندہ اکٹھا کرتے تھے۔